حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کازرون کے امام جمعہ، حجت الاسلام محمد صباحی کی شہادت پر تعزیت اور تبریک کا پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ جمعہ ہمیشہ دشمن کے خلاف علمی، ثقافتی، سیاسی اور حتیٰ کہ عسکری محاذ پر جرأت کے ساتھ پیش پیش رہے ہیں اور جان جانث کا خوف ان کے عزم کو کبھی متزلزل نہیں کر سکتا۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحی
انا للہ و انا الیہ راجعون
کازرون کے عالم دین اور ہردل عزیز امام جمعہ حجت الاسلام محمد صباحی کی شہادت کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا۔ ایک کور دل اور مجرم فرد کے ہاتھوں ان کی شہادت نے دشمن کے وسیع پروپیگنڈے کے برعکس یہ ثابت کر دیا کہ ائمہ جمعہ ہمیشہ جرأت کے ساتھ علمی، ثقافتی، سیاسی اور عسکری محاذوں پر دشمن کے خلاف صف آرا رہتے ہیں۔ وہ رہبر معظم انقلاب کی قیادت میں قوم کو بصیرت و آگاہی دینے اور دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
میں بارگاہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں اس عظیم عالم دین کی شہادت پر کازرون کے وفادار عوام، ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کی خدمت میں تعزیت اور مبارکباد پیش کرتا ہوں اور شہید کے لیے بلند درجات کی دعا گو ہوں۔
متولی حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا و امام جمعہ قم
سید محمد سعیدی